کراچی (24 اپریل 2026): انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اسپیشل برانچ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ شرجیل کھرل اور ڈی آئی جی اسپیشل برانچ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی سندھ کو سلامی بھی پیش کی۔
دورے کے دوران ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ نے آئی جی سندھ کو شعبہ کے اغراض و مقاصد، تنظیمی ڈھانچے، مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کے ساتھ وی آئی پی سیکیورٹی اور تھریٹ اسیسمنٹ سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
بریفنگ میں فورس کی ویلفیئر اور ٹریننگ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اسپیشل برانچ کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال مؤثر اور کامیاب پولیسنگ کے لیے ناگزیر ہے۔
آئی جی سندھ نے ہدایت دی کہ انٹیلیجنس کلیکشن اور رپورٹنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے اور اسے مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے تاکہ بروقت اور مؤثر معلومات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
انہوں نے اسپیشل برانچ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت بھی دی۔
