کراچی (24 اپریل 2026): ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کراچی نے گٹکا ماوا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران نیو کراچی کے سیکٹر E-11 میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کارخانے کو بے نقاب کر دیا اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
کراچی: کیماڑی پولیس کی چار بڑی کارروائیاں، گٹکا، غیر ملکی سگریٹ اور منشیات برآمد، 3 ملزمان گرفتار
ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی، جس کے دوران بھاری مقدار میں تیار شدہ گٹکا ماوا، چھالیہ، تمباکو، چونا اور دیگر خام مال برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ گٹکا ماوا کی تیاری اور پیکنگ میں استعمال ہونے والا سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا، جس میں ریپرز، گیس سلنڈر، ڈرم، ٹبیں اور دیگر کارخانہ جاتی اشیاء شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزم شاہ فیصل کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی سیف عرف جب موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارخانہ گٹکا ماوا کی بڑے پیمانے پر تیاری اور سپلائی میں ملوث تھا، جبکہ اس کے نیٹ ورک کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل نے واضح کیا کہ گٹکا ماوا اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جا رہا ہے اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
پولیس کے مطابق تھانہ نیو کراچی کی ٹیم جرائم پیشہ عناصر کے خلاف متحرک ہے اور شہر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
