کراچی (24 اپریل 2026): ضلع کیماڑی پولیس نے موچکو کے مختلف علاقوں میں چار کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے گٹکا، غیر ملکی سگریٹ اور منشیات برآمد کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق پہلی کارروائی موچکو چیک پوسٹ کے اہلکاروں نے شیر والی سوسائٹی میں چھاپہ مار کر کی، جہاں ایک آلٹو کار سے 240 پیکٹ انڈین گٹکا برآمد کیا گیا۔ برآمد شدہ مال اور گاڑی کو کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
دوسری کارروائی میں حب چوکی بلوچستان سے گٹکا کی ترسیل میں ملوث جمعہ خان نامی ملزم کو حب ریور روڈ سے گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 47 پیکٹ انڈین گٹکا برآمد ہوئے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 240/26 درج کر لیا ہے۔
تیسری کارروائی کے دوران موچکو چیک پوسٹ پر حب چوکی سے آنے والی ہائی روف گاڑی کی تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں 20 پیکٹ انڈین گٹکا اور 100 ڈنڈے غیر ملکی سگریٹ برآمد کیے گئے۔ اس کارروائی میں اسمگلنگ میں ملوث سید بسمہ اللہ نامی ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ نمبر 241/26 درج کیا گیا۔
چوتھی کارروائی میں مشرف چیک پوسٹ پولیس نے صحافی کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے کامران عرف کامی نامی منشیات فروش کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 51 گرام چرس برآمد ہوئی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 239/26 درج کر لیا گیا ہے۔
ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔

