کراچی (24 اپریل 2026): ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے ویسٹ زون ہیڈکوارٹر اجمیر نگری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔
دورے کے دوران انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو نقد انعامات بھی دیے گئے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کوت محرر کو سی سی ون سرٹیفکیٹ کے ساتھ 20 ہزار روپے، آر محرر کو 10 ہزار روپے جبکہ سلامی گارڈ کو بھی 10 ہزار روپے نقد انعام سے نوازا۔
انہوں نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید محنت اور لگن کے ساتھ ادا کریں اور شہریوں کو بہتر سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق پولیس فورس کی حوصلہ افزائی اور کارکردگی میں بہتری کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

