کراچی (اسٹاف رپورٹر): کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر بلاک 16 میں ایک بنگلے میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جہاں تین مسلح ملزمان نے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر بڑی لوٹ مار کی۔
پولیس کے مطابق ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر اہلخانہ کو قابو میں لے کر 43 لاکھ روپے سے زائد نقدی، سونا اور قیمتی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق واردات میں ایک چوتھا ساتھی بھی شامل تھا جو سلور رنگ کی گاڑی میں باہر موجود رہا اور فرار میں مدد فراہم کرتا رہا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان ماسک پہن کر واردات کے لیے آئے تھے اور تمام لوٹا ہوا سامان شاپنگ بیگز میں ڈال کر موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں ملزمان کو گھر کے اندر داخل ہوتے اور فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ کرائم سین یونٹ نے بھی شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور گاڑی کی تلاش کے لیے سیف سٹی کیمروں کا ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان تک پہنچنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور شہر میں ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
