بغیر روٹ پرمٹ و فٹنس گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم

Karachi: صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے سندھ بھر میں بغیر روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے چلنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

انرجی سیکیورٹی اجلاس، برقی ٹرانسپورٹ اور اسٹریٹجک آئل ذخائر پر زور

صوبائی وزیر کے مطابق ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (ڈی آر ٹی اے) کے چیئرمینز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایسی تمام گاڑیوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے جو مقررہ قانونی دستاویزات کے بغیر سڑکوں پر چل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں گاڑیوں کے روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی معیاد ختم ہو چکی ہے، جس کے باعث شہریوں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہیں۔ متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام گاڑیاں Motor Vehicles Ordinance 1965 اور Motor Vehicles Rules 1969 کے تحت مکمل دستاویزات کے ساتھ ہی چلائی جائیں۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا چکا ہے، جبکہ فٹنس سرٹیفکیٹس مکمل طور پر آن لائن جاری کیے جا رہے ہیں۔ بین الاضلاعی اور شہری روٹس کے پرمٹس بھی خودکار نظام کے ذریعے فراہم کیے جا رہے ہیں اور جلد ہی مینوئل سسٹم کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ٹرانسپورٹرز کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے، تاہم اس کے ساتھ یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ 27 فروری 2026 سے پہلے کا کرایہ ہی وصول کیا جائے۔ اس کے باوجود بعض ٹرانسپورٹرز کی جانب سے زائد کرایہ وصول کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو خصوصی چیکنگ مہم شروع کرنے، کرایہ نامہ نمایاں طور پر آویزاں کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے اسکول وینز اور بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی اور ایل پی جی کے استعمال پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ کسی بھی گاڑی کو بغیر مکمل دستاویزات کے سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

One thought on “بغیر روٹ پرمٹ و فٹنس گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!