Karachi (23 اپریل 2026): ڈسٹرکٹ سٹی پولیس ساؤتھ زون اور ایک وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
بغیر روٹ پرمٹ و فٹنس گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم
پولیس کے مطابق کارروائی تھانہ گارڈن کے علاقے میں کی گئی، جہاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت مہزور، عامر اور حماس کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں ویڈ (منشیات) برآمد کی گئی جو لاکھوں روپے مالیت کی بتائی جاتی ہے۔
حکام کے مطابق یہ گروہ بین الصوبائی سطح پر سرگرم تھا اور خاص طور پر تعلیمی اداروں، کالجز اور یونیورسٹیز میں نوجوان طلبہ کو نشانہ بنا کر منشیات فروخت کرتا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مرکزی ملزم مہزور گوادر سے منشیات اسمگل کر کے کراچی لاتا تھا اور اپنے نیٹ ورک کے ذریعے مختلف تعلیمی اداروں میں اس کی ترسیل کی جاتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سے دو، عامر اور حماس، نجی یونیورسٹی کے طالبعلم بھی ہیں، جو مبینہ طور پر اسی نیٹ ورک کو تعلیمی اداروں کے اندر سے سہولت فراہم کر رہے تھے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ ان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ اور نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کی تلاش کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
