کراچی (23 اپریل 2026): وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ نے عالمی یومِ کتاب کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کتابیں انسانی تہذیب کی ترقی اور علم کی منتقلی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، اور ان کے بغیر معاشروں کی فکری و تہذیبی ترقی ممکن نہیں۔
گورنر سندھ ٹرین کے ذریعے سکھر روانہ، کفایت شعاری پالیسی پر عمل
انہوں نے کہا کہ مطالعہ کتب کی عادت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ کتابیں نہ صرف شعور بیدار کرتی ہیں بلکہ انسان کو مثبت سوچ اور علم کی راہ پر گامزن کرتی ہیں۔ وزیر ثقافت سندھ نے کہا کہ سندھ کی سرزمین ہمیشہ سے علم و ادب کا گہوارہ رہی ہے جہاں شاہ لطیف اور شیخ ایاز جیسے عظیم شعراء نے فکری ورثہ چھوڑا ہے جو آج بھی رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ کاپی رائٹ قوانین کا احترام تخلیق کاروں کے حقوق کے تحفظ اور نئی تخلیقات کی حوصلہ افزائی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل دور کے باوجود کتاب سے اپنا رشتہ مضبوط رکھیں تاکہ اپنی تاریخ، ثقافت اور ورثے سے جڑے رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ثقافت سندھ نایاب کتب کی اشاعت اور لائبریریوں کی بہتری کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے تاکہ مطالعے کے مواقع زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کتابوں کے ذریعے امن، محبت اور رواداری کا عالمی پیغام دنیا بھر میں عام کیا جا سکتا ہے۔
وزیر ثقافت نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ادبی سرگرمیوں اور کتاب میلوں کے کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے دو روزہ کتب میلہ حیدرآباد میں آج سے شروع کیا جا رہا ہے جو ادبی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
