کراچی (22 اپریل 2026): ڈپٹی کمشنر سینٹرل کی ہدایت پر ناظم آباد ملٹی چوک میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا، جس کے دوران غیر قانونی تعمیرات اور غیر مجاز دکانوں کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا۔
کراچی میں زائد کرایہ وصولی کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گاڑیاں ضبط، جرمانے عائد
یہ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد اسامہ بن اشرف کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ملٹی چوک پر تجاوزات مافیا نے غیر قانونی دکانیں قائم کر رکھی تھیں اور فٹ پاتھوں پر قبضہ کر کے شہریوں کے لیے آمد و رفت کو شدید مشکلات کا شکار بنا دیا گیا تھا۔
اسامہ بن اشرف کے مطابق آپریشن کے دوران ہارڈ اور سافٹ اینٹی انکروچمنٹ ڈرائیو کی گئی، تاہم اس دوران تجاوزات مافیا کی جانب سے مزاحمت بھی کی گئی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 10 دکانوں کو سیل جبکہ 20 سے زائد غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد نہ صرف تجاوزات کا خاتمہ بلکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سینٹرل کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور کسی بھی غیر قانونی قبضے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

