کراچی (22 اپریل 2026): صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ مقامی کونسل کی سطح پر جائیداد کی منتقلی پر ٹیکس وصولی کے نظام کو مکمل طور پر آن لائن اور آسان بنایا جا رہا ہے، جس سے شفافیت میں اضافہ اور بدعنوانی کے خاتمے میں نمایاں مدد ملے گی۔
ٹرمپ کا ایران پر حملے روکنے کا اعلان، تہران کی جانب سے ردعمل
یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں بورڈ آف ریونیو، محکمہ بلدیات اور محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اشتراک سے سندھ بینک، نیشنل بینک آف پاکستان اور بینک آف پنجاب کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔
تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی علی راشد، سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر وسیم شمشاد، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سید خالد حیدر شاہ، ممبر بورڈ آف ریونیو نظیر احمد قریشی، نیشنل بینک کے نائب صدر فیصل نواز، بینک آف پنجاب کے سربراہ لین دین شرجیل رضا اور سندھ بینک کے نائب چیف ایگزیکٹو سید اسد علی شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے موجودہ نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے بورڈ آف ریونیو کے آن لائن نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے، جس سے جائیداد کی منتقلی کا عمل نہ صرف تیز بلکہ آسان اور شفاف ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ اسٹامپ ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسز کی براہ راست وصولی سے مقامی کونسلز مالی طور پر مستحکم ہوں گی اور ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومت، بورڈ آف ریونیو اور تین بڑے بینکوں کو ایک مربوط آن لائن نظام کے ذریعے منسلک کیا جا رہا ہے، جس سے ٹیکس وصولی کا عمل مزید مؤثر اور قابل اعتماد بنے گا۔
انہوں نے اس منصوبے میں تعاون کرنے والے تمام سرکاری اور نجی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت شفافیت، بہتر حکمرانی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔
تقریب کے اختتام پر متعلقہ اداروں کے درمیان معاہدوں پر باضابطہ دستخط کیے گئے، جس کے بعد منصوبے پر عملی عملدرآمد کی راہ ہموار ہو گئی۔
