کراچی (اسٹاف رپورٹر) — انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ Sindh Police جاوید عالم اوڈھو نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں قائم جدید ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائٹیشن سسٹم (TRACS) کمپلیکس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
پاک بحریہ کا کروز میزائل ’تیمور‘ کا کامیاب تجربہ، دفاعی صلاحیت میں اہم اضافہ
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، آئی ٹی، ٹریننگ اور سیف سٹی کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے آئی جی سندھ کو نئے نظام، اس کی آپریشنل کارکردگی اور تکنیکی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں آئی جی سندھ نے کمپلیکس کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔
آئی جی سندھ کے مطابق جدید TRACS کمپلیکس کے قیام سے ٹریفک نظم و نسق، ای چالان سسٹم، مانیٹرنگ اور شہری شکایات کے ازالے کے عمل میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے ہدایت دی کہ ٹکٹنگ اور چالان کے عمل میں شفافیت، رفتار اور مؤثریت کو مزید بہتر بنایا جائے جبکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق ٹریفک ہیلپ لائن 1915 اور کنٹرول روم کی کارکردگی کو بھی مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
