ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور ممکنہ جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو عالمی میڈیا میں نمایاں اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بین الاقوامی سطح پر خاص توجہ حاصل ہو رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا رابطہ، خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
ابوظبی سے شائع ہونے والے معروف اخبار The National نے اپنی رپورٹ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو “ٹرمپ کے فیورٹ فیلڈ مارشل” کے عنوان سے نمایاں کیا اور ان کے کردار پر تفصیلی تبصرہ شائع کیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی سفارتی اور سیکیورٹی سطح پر جاری کوششوں نے نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کیا بلکہ پاکستان کے عسکری اور سیاسی قیادت کو عالمی توجہ کا مرکز بھی بنا دیا ہے۔ اخبار کے مطابق پاکستان، واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں اہم ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی میزبانی کی تھی اور انہیں “اپنا پسندیدہ فیلڈ مارشل” قرار دیا تھا۔
اخبار نے مزید لکھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل بھی دیا گیا، جو ان کی خدمات کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔
تجزیاتی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی دو اہم انٹیلی جنس ایجنسیوں — آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلیجنس — کی قیادت بھی کی ہے، جس سے ان کے تجربے اور عسکری مہارت کو مزید تقویت ملی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس پاکستان اور بھارت کے درمیان مختصر فضائی کشیدگی کے بعد حکومت پاکستان نے ان کی عسکری قیادت کے اعتراف میں انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی۔
اخبار کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بارے میں مثبت بیانات ان کی بین الاقوامی شہرت اور سفارتی اہمیت میں اضافہ کر رہے ہیں۔
