کراچی (اسٹاف رپورٹر) — یونین کونسل چشمہ گوٹھ کے مکینوں نے گیس اور بجلی مافیا کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکام کو 10 دن کی ڈیڈ لائن دے دی۔
کراچی میں ٹریفک حادثات کی خوفناک صورتحال، رواں سال 312 افراد جاں بحق
مظاہرے کی قیادت سماجی رہنما میر ممتاز عمرانی نے کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ گیس مافیا اور ٹھیکیداروں نے الیاس گوٹھ کے رہائشیوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں سے فی گھر 30 سے 40 ہزار روپے وصول کیے گئے، لیکن اس کے باوجود گیس میٹر نصب نہیں کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مافیا کے سرغنہ علاقے میں کھلے عام سرگرم ہیں اور 4 سے 5 ہزار گھروں سے ماہانہ 1000 سے 1500 روپے تک غیر قانونی طور پر وصول کیے جا رہے ہیں، جو کنڈوں کے ذریعے لیے جاتے ہیں۔
میر ممتاز عمرانی کے مطابق یہ تمام غیر قانونی سرگرمیاں مقامی مافیا اور گیس ٹھیکیداروں کی مبینہ ملی بھگت سے جاری ہیں، جس کے باعث غریب عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے وفاقی اور سندھ حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر 10 دن کے اندر کارروائی نہ کی گئی تو الیاس گوٹھ سے کراچی پریس کلب تک لانگ مارچ کیا جائے گا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی کنکشنز کا فوری خاتمہ کر کے شہریوں کو قانونی اور سستی سہولیات فراہم کی جائیں۔

