پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے نیو کراچی سے بھتہ خوری میں ملوث ایک منظم گروہ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف سے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی ملاقات، سہ ملکی دورے پر مبارکباد
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت حماد پٹنی، شہزاد پٹنی اور سعد کے ناموں سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر “صمد کاٹھیاواڑی گروہ” سے منسلک ہیں۔ ملزمان بھتہ وصولی کے ساتھ ساتھ رقم کی ترسیل کے لیے بینک اکاؤنٹس اور دیگر ذرائع استعمال کرتے تھے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ نیٹ ورک بھتہ وصول کر کے رقم کو مختلف کارندوں تک پہنچانے میں ملوث تھا اور مبینہ طور پر مختلف مجرمانہ گروہوں سے روابط رکھتا تھا۔ رینجرز حکام کے مطابق گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تفتیشی ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک یا مجرمانہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ یا ہیلپ لائن پر دیں، جبکہ اطلاع دینے والوں کی شناخت صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔
