سینٹرل پولیس کا کریک ڈاؤن، متعدد جرائم پیشہ ملزمان گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) — کراچی پولیس کے ڈسٹرکٹ سینٹرل ویسٹ زون نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف تھانوں کی حدود میں کامیاب کارروائیاں کیں، جن کے دوران اشتہاری و مفرور ملزمان، اسٹریٹ کرمنلز، منشیات فروش، گٹکا/ماوا سپلائرز، جواری اور وہیکل لفٹرز کو گرفتار کر لیا گیا۔

کیماڑی میں یومِ تشکر ریلی، پاک فوج اور قیادت کو خراجِ تحسین

ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر ہونے والی کارروائیوں میں اسلحہ، منشیات، مسروقہ سامان اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔

پولیس کے مطابق تھانہ سرسید کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم محسن علی کو گرفتار کیا گیا، جو مقدمہ نمبر 27/2025 بجرم 489-F/420 تعزیرات پاکستان میں تھانہ سعیدآباد (ضلع کیماڑی) کو مطلوب تھا۔

تھانہ بلال کالونی پولیس نے دوران پیٹرولنگ دو موٹر سائیکل لفٹرز ساجن اور ناصر کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے موٹر سائیکل، موبائل فون، پارٹس اور نقدی برآمد ہوئی، جبکہ برآمد شدہ موٹر سائیکل سرجانی ٹاؤن کے مقدمے میں مطلوب تھی۔ اسی تھانے کی ایک اور کارروائی میں گٹکا/ماوا فروش بلال کو گرفتار کر کے 14 پیکٹ گٹکا/ماوا اور نقدی برآمد کی گئی، جبکہ تیسری کارروائی میں منشیات فروش کامران سے 122 گرام چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔

دریں اثناء تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے اسٹریٹ کرمنل ریحان علی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول بمعہ راؤنڈز اور نقدی برآمد کی، جس کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ مزید کارروائی میں صبا سنیما کے قریب چھاپہ مار کر تین جواری ملزمان محسن، نعیم اور حسن کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ملزمان کے قبضے سے سٹے کی پرچیاں اور 2920 روپے نقدی برآمد ہوئی۔

پولیس حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!