کراچی: ایف آئی اے امیگریشن جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مشکوک سفری دستاویزات پر جنوبی کوریا جانے والے دو مسافروں تیمور احمد اور سید امان کو آف لوڈ کر دیا۔
قادری ہاؤس ناظم آباد میں آل پاکستان مسلم لیگ وفد کی اہم ملاقات، قومی یکجہتی اور اقلیتی حقوق پر زور
ترجمان کے مطابق دورانِ جانچ مسافروں کے موبائل فونز سے واٹس ایپ چیٹس اور مالی لین دین کے شواہد برآمد ہوئے، جن سے غیر قانونی امیگریشن اور جعلی سفری دستاویزات کے استعمال کی تصدیق ہوئی۔
تحقیقات کے دوران اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایجنٹ آصف الرحمان سمیت اس کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا، جن کے قبضے سے مسافروں کے اصل پاسپورٹس اور جعلی امیگریشن اسٹیمپس برآمد ہوئے۔
مزید کارروائی میں ملزم عمران کے ٹھکانے سے 44 پاسپورٹس جبکہ ملزم اسلم خان کے قبضے سے 61 پاسپورٹس اور بڑی تعداد میں جعلی امیگریشن اسٹیمپس بھی برآمد کیے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق یہ نیٹ ورک جعلی دستاویزات کے ذریعے شہریوں کو بیرون ملک غیر قانونی طور پر بھجوانے میں ملوث تھا، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔
