کراچی: قادری ہاؤس ناظم آباد میں آل پاکستان مسلم لیگ کے اعلیٰ سطحی وفد نے اہم ملاقات کی، جس میں ملکی استحکام، بین الجماعتی روابط، عوامی مسائل اور اقلیتوں کے حقوق سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کھارادر جنرل ہسپتال اسکول آف نرسنگ کا ہاکس بے میں مفت ہیلتھ کیمپ، سینکڑوں مریض مستفید
وفد کی قیادت چیئرمین صاحبزادہ احمد رضا خان قصوری اور مرکزی سیکرٹری جنرل سیف الرحمان نے کی، جبکہ وفد میں سینئر نائب صدر محمد وسیم، سینئر ممبر طارق حسین، بزنس فورم کے مرکزی صدر حاجی یونس بچو میمن، کوآرڈینیٹر ٹو جی ایس سلمان احمد، مرکزی صدر منیارٹی ونگ انیل سجاد بھٹی، جنرل سیکرٹری عدیل جارج، ایجوکیشن ونگ سندھ کے صدر ذیشان نواب، قائم مقام صدر یوتھ ونگ اقرار احمد اور دیگر رہنما شامل تھے۔
ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال، معاشی چیلنجز اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک کو درپیش بحرانوں سے نکلنے کے لیے سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ پاکستان ایک کثیر الثقافتی اور کثیر المذاہب ملک ہے جہاں تمام شہریوں کو آئین کے مطابق مکمل حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور برداشت کے فروغ کے لیے تمام طبقات کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
صاحبزادہ احمد رضا خان قصوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی مشاورت سے عوام دوست پالیسی اپنانا ضروری ہے۔
مرکزی صدر منیارٹی ونگ انیل سجاد بھٹی نے کہا کہ اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع کی فراہمی ایک مہذب معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
