کراچی کے ناردرن بائی پاس پر قائم عوام دوست مویشی منڈی میں عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ملک بھر سے قربانی کے جانوروں کی بڑی تعداد میں آمد کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث منڈی میں گہما گہمی اور رونقوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
مویشی منڈی انتظامیہ کے مطابق اب تک منڈی میں لائے گئے قربانی کے جانوروں کی مجموعی تعداد ساڑھے تین ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع بشمول کشمور، گھوٹکی، نوشہروفیروز اور رحیم یار خان سے بیوپاری اپنے بہترین اور قیمتی جانوروں کے ہمراہ منڈی پہنچ رہے ہیں۔
بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ اس بار کراچی کے شہریوں کی جانب سے خریداری میں گہری دلچسپی دیکھنے کو مل رہی ہے جس کے باعث انہیں امید ہے کہ ان کے تمام جانور بروقت فروخت ہو جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ منڈی میں خریداروں کی بڑی تعداد ان کے کاروبار کے لیے مثبت اشارہ ہے۔
انتظامیہ نے منڈی میں سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی اور انچارج اسلم بلوچ کی نگرانی میں عملہ چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر موجود ہے تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
جانوروں کی صحت و معائنہ کے لیے ویٹرنری ڈاکٹرز کی ٹیمیں بھی مسلسل متحرک ہیں جو ہر آنے والے جانور کی مکمل جانچ کر رہی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی بیمار جانور کو منڈی میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی تاکہ صحت مند اور محفوظ تجارت کو یقینی بنایا جا سکے۔
سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ منڈی کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا نظام نافذ ہے تاکہ شہری اور بیوپاری بلا خوف و خطر خرید و فروخت کے عمل میں حصہ لے سکیں۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید جانوروں کی آمد متوقع ہے جس کے باعث منڈی کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

