کراچی: شہر کے علاقے آرام باغ میں ضلعی انتظامیہ نے قبضہ مافیا کے خلاف بڑا اور فیصلہ کن اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کرتے ہوئے عرصہ دراز سے قائم غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا مکمل صفایا کر دیا۔
پاک بحریہ کا اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کامیاب تجربہ
تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوار کی نگرانی میں کھارادر کے علاقے مچھی میانی اور تابوت لین میں کی گئی، جہاں مبینہ طور پر قبضہ مافیا نے سرکاری زمینوں پر غیر قانونی تعمیرات اور دکانیں قائم کر رکھی تھیں۔
آپریشن کے دوران بھاری مشینری کے ذریعے ہارڈ اور سافٹ دونوں نوعیت کی تجاوزات کو مسمار کیا گیا، جبکہ متعدد مقامات پر انتظامیہ کی وارننگ پر شہریوں نے ازخود غیر قانونی تعمیرات ختم کر دیں۔
کارروائی میں کراچی میونسپل کارپوریشن (KMC) کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا، جس کے باعث آپریشن کو منظم اور مؤثر انداز میں مکمل کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق قبضہ مافیا نے علاقے میں دیواریں اور غیر قانونی ڈھانچے کھڑے کر کے سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کر رکھا تھا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
تقریباً پانچ گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے دوران مزاحمت بھی سامنے آئی تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صورتحال پر قابو پالیا۔ مزاحمت کے دوران دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جن کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق قبضہ مافیا سے ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار نے واضح کیا کہ سرکاری زمینوں پر کسی قسم کا قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور شہر بھر میں ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انتظامیہ نے عندیہ دیا ہے کہ کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز کے سخت آپریشنز کیے جائیں گے تاکہ شہر کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک کیا جا سکے۔

