کراچی میں جدید ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم TRACS متعارف، نگرانی کا دائرہ وسیع

جاوید عالم اوڈھو نے کراچی میں ٹریفک پولیس کے نئے ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم TRACS سے متعلق آگاہی تقریب میں شرکت کی، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ڈی ایچ اے فیز 6 میں کپڑوں کی دکان میں آگ، بروقت کارروائی سے قابو پا لیا گیا

مقامی ہوٹل میں “An Hour with Traffic Police Karachi” کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں پولیس کے اعلیٰ افسران، کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ شخصیات اور مختلف اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، زونل ٹریفک ایس ایس پیز، آئی ٹی ماہرین اور دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں تقریباً 70 لاکھ گاڑیوں کی روایتی طریقوں سے نگرانی ممکن نہیں تھی، جس کے پیش نظر جدید TRACS سسٹم متعارف کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ایک ہزار سے زائد کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید دو ہزار کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق مہلک ٹریفک حادثات کی شرح اوسطاً روزانہ تین تک پہنچ چکی تھی، جسے کم کرنے کے لیے ڈیجیٹل چالان اور الیکٹرانک سرویلنس ناگزیر ہو گیا تھا۔ اس سلسلے میں ڈرونز، روبوکارز اور جدید ای چالان سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کام محکمہ پولیس کو درست سمت دینا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیسنگ کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیس لیس چالان سسٹم کے نفاذ سے خود احتسابی کا عمل مضبوط ہوا ہے اور مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جرائم کی شرح میں 30 سے 40 فیصد تک کمی آئی ہے جبکہ جرائم کی نشاندہی میں 70 فیصد تک بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں تمام بینکس، مارکیٹس اور کمرشل علاقوں کو سیف سٹی سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا جبکہ بزنس کمیونٹی کی جانب سے سندھ پولیس کے اقدامات کو سراہا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!