کراچی (15 اپریل 2026) — نیو کراچی ٹاؤن میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی جاری مہم کے دوران میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر نے نارتھ کراچی سیکٹر 11-B کا دورہ کیا اور انسدادِ پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ایف آئی اے کراچی کی بڑی کارروائی، غیر قانونی غیر ملکی کرنسی ڈیلنگ میں ملوث چار ملزمان گرفتار
دورے کے موقع پر میونسپل کمشنر نے گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے عمل کی نگرانی کی اور ٹیموں کی حاضری، کارکردگی اور فیلڈ سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ اسٹاف افسر محمد علی، ایڈمن ڈپٹی ممتاز خان افریدی اور پولیو ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔
میونسپل کمشنر نے پولیو ٹیموں سے ملاقات کے دوران ہدایت دی کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے اور ہر گھر تک مکمل رسائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں اور والدین کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام اداروں اور شہریوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور ٹیموں کو ذمہ داری، محنت اور ایمانداری سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
میونسپل کمشنر نے ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جاری مہم کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
