سندھ پولیس اور ہیومن رائٹس کمیشن کے درمیان اہم ملاقات، انسانی حقوق کے تحفظ اور اصلاحات پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

کراچی (15 اپریل 2026) — انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو سے ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کے چیئرپرسن اسد اقبال بٹ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پولیس کے اعلیٰ افسران، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، اے آئی جی جینڈر بیسڈ وائلنس اینڈ ہیومن رائٹس سمیت HRCP کے سندھ نمائندگان بھی موجود تھے۔

کراچی پولیس میں ریٹائرڈ افسران کو شاندار خراجِ تحسین، یادگاری شیلڈز پیش

ملاقات کے دوران صوبہ سندھ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسانی حقوق کے تحفظ، پولیس اصلاحات، قانون کی بالادستی، اور شہریوں و پولیس کے درمیان اعتماد سازی کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کے وفد نے سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بالخصوص خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ، جبری گمشدگیوں، اور فوری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔ وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ پولیس نے دیگر صوبوں کے مقابلے میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے نسبتاً زیادہ فعال کردار ادا کیا ہے۔

آئی جی سندھ نے اس موقع پر کہا کہ پولیسنگ کے نظام میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی اعتماد کا فروغ حکومت اور اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جاتے ہیں۔

اجلاس میں عمرکوٹ واقعہ، میرپورخاص میں میڈیکل طالبہ کیس اور خیرپور میں پیش آنے والے واقعے میں پولیس کی فوری کارروائی کو انسانی حقوق کے تحفظ کی عملی مثال قرار دیا گیا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ جدید پولیسنگ کے لیے سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے اداروں کے ساتھ مستقل رابطہ ناگزیر ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں اداروں کے درمیان تربیتی پروگرامز، مشترکہ ورکشاپس اور پالیسی سطح پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ HRCP کی سالانہ رپورٹ 2024 بھی آئی جی سندھ کو پیش کی گئی۔

One thought on “سندھ پولیس اور ہیومن رائٹس کمیشن کے درمیان اہم ملاقات، انسانی حقوق کے تحفظ اور اصلاحات پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!