کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹیل ٹاؤن کے علاقے سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “عامری گینگ” کے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
امتحانات کی شفافیت کیلئے سخت نگرانی، اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد کا مختلف مراکز کا دورہ
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں علی محمد ولد مرید اور واجد علی عرف واجا ولد محمد ایوب شامل ہیں، جن کے قبضے سے ایک بغیر کاغذات موٹرسائیکل، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اسٹیل ٹاؤن، گلشن حدید اور ملحقہ علاقوں میں اسلحے کے زور پر شہریوں سے موٹرسائیکلیں، موبائل فون اور نقدی چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
گرفتار ملزم علی محمد نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ اس کے پاس موجود غیر قانونی 30 بور پستول اس نے اپنے ایک قریبی ساتھی کو 15 ہزار روپے میں فروخت کیا تھا۔ جبکہ ملزم واجد گینگ کو وارداتوں کے دوران معلومات فراہم کرنے اور لوٹے گئے سامان کی نشاندہی میں مدد کرتا رہا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ دونوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کے لیے رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر فوری اطلاع دیں، اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
