کراچی: ٹاؤن انتظامیہ نے قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے لیاری ایکسپریس وے جانے والی مرکزی سڑک پر قائم غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا، جس سے علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے والا بڑا مسئلہ بھی حل ہو گیا۔
امتحانات کی شفافیت کیلئے سخت نگرانی، اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد کا مختلف مراکز کا دورہ
یہ کارروائی ٹاؤن چیئرمین منصور شیخ کی واضح ہدایات پر ٹی ایم سی انچارج کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، جبکہ لیاری ایکسپریس وے کے قریب حسین ڈی سلوا روڈ پر موجود غیر قانونی دکانوں اور ڈھانچوں کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وائس چیئرمین کی نشاندہی پر ہونے والے اس آپریشن میں آٹھ سے زائد غیر قانونی دکانیں ختم کر دی گئیں جبکہ دیگر تجاوزات بھی ہٹا دی گئیں۔ ان غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے روزانہ شدید ٹریفک جام ہوتا تھا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، جبکہ ایمبولینس اور ہنگامی سروسز کی آمد و رفت بھی متاثر ہوتی تھی۔
ٹی ایم سی انچارج شاہنواز نے کہا کہ یہ کارروائی ایک آغاز ہے اور قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور شہر کے مفاد کے خلاف کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
منصور شیخ نے کہا کہ عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے والوں کے لیے شہر میں کوئی جگہ نہیں اور تمام غیر قانونی تعمیرات کو ختم کیا جائے گا۔
شہریوں نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے آپریشنز مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں تاکہ کراچی کو تجاوزات اور قبضہ مافیا سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔


