اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی جس میں امریکا ایران مذاکرات سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گارڈن پولیس کی بروقت کارروائی، گمشدہ 8 سالہ بچہ چڑیا گھر سے بازیاب
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے مختلف مراحل پر اعتماد میں لیا اور پاکستان کی جانب سے ادا کیے گئے ثالثی کے کردار اور حاصل ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے صدر کو اپنے آئندہ سعودی عرب اور ترکیہ کے دوروں سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ جنگ کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی سیاست اور معیشت پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے امریکا ایران مذاکرات کی میزبانی اور سفارتی کوششوں پر پاکستان کی قیادت، خصوصاً وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور دیگر ریاستی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے اور امن کے فروغ کے لیے اس کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو امریکا، ایران اور دیگر علاقائی و عالمی طاقتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنا چاہیے تاکہ امن عمل کو آگے بڑھایا جا سکے اور خطے میں ہم آہنگی قائم رہے۔
