کراچی: ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طہ سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی فرید حنیف نے نیو کراچی کے علاقے سندھی ہوٹل اور اطراف میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے مین اور سروس روڈ کو کلیئر کر دیا۔
موچکو پولیس کی کارروائی، کیلے کی گاڑی سے 604 کلو اسمگل شدہ چھالیہ برآمد
پریس ریلیز کے مطابق کارروائی کے دوران خیام اسٹاپ سے سندھی ہوٹل تک قائم غیر قانونی ٹھیے، پتھارے، کیبن اور دیگر عارضی تجاوزات ہٹا دی گئیں، جو شہریوں کے لیے مشکلات اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بن رہے تھے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس کارروائی کے دوران دکانوں اور ریسٹورنٹس کے باہر قائم غیر قانونی چھجے اور بڑے سائن بورڈز بھی ختم کیے گئے، جبکہ کارروائی سے قبل متعدد بار متعلقہ افراد کو وارننگ بھی جاری کی گئی تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی نے واضح کیا کہ ضلع وسطی میں تجاوزات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی صورت غیر قانونی قبضہ یا رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
کارروائی کے دوران اینٹی انکروچمنٹ ٹیم، متعلقہ عملہ اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد شہر کی سڑکوں کو کشادہ اور ٹریفک کے لیے محفوظ بنانا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ شہر کی بہتری کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

