کراچی: ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں مبینہ طور پر نشر ہونے والے نازیبا اور غیر اخلاقی مناظر پر قانونی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس معاملے پر کراچی کے وکیل محمد نواز ڈاہری نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے باضابطہ رجوع کر لیا ہے۔
موچکو پولیس کی کارروائی، کیلے کی گاڑی سے 604 کلو اسمگل شدہ چھالیہ برآمد
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں پروگرام میزبان اور ان کے شوہر کے درمیان براہ راست غیر مناسب مناظر دکھائے گئے، جو اخلاقی اور قانونی حدود کی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ نجی ٹی وی چینل نے مبینہ طور پر ایسے مناظر نشر کیے جو پیمرا قوانین کے تحت قابلِ اعتراض اور غیر اخلاقی مواد کے زمرے میں آتے ہیں۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ مارننگ شو کو فوری طور پر بند کیا جائے اور اس معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے۔
وکیل نے مزید کہا کہ میڈیا اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرتی اقدار اور اخلاقی حدود کا احترام کریں، اور ایسے کسی بھی مواد کی نشر و اشاعت سے اجتناب کریں جو عوامی سطح پر منفی اثرات مرتب کرے۔
اس حوالے سے پیمرا کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم معاملہ سوشل میڈیا اور قانونی حلقوں میں زیر بحث ہے۔

