کراچی: ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی نے 13 اپریل 2026 سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اہم اور سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
آئی جی سندھ کی کمیونٹی پولیسنگ وفد سے ملاقات، جدید نگرانی نظام پر زور
ڈی آئی جی ایسٹ زون کے مطابق ایسٹ زون کے تینوں اضلاع میں 13 اپریل سے 16 اپریل تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے دوران نفری کی مناسب تعیناتی اور حساس علاقوں میں پولیو ٹیموں کی محفوظ اور آسان رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ضلعی ایس ایس پیز کو خصوصی ہدایت دی ہے کہ وہ اس عمل کی خود نگرانی کریں۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں سیکیورٹی پلان پر مکمل اور سنجیدگی سے عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مزید کہا گیا ہے کہ تمام ایس ایچ اوز اور ہیڈ محرران اپنی نفری کی بروقت تعیناتی کو یقینی بنائیں گے اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، ہیلتھ حکام اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ ہر یونین کونسل کی پولیو ٹیم کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
ڈی آئی جی ایسٹ زون نے ہدایت کی کہ ایس ایچ اوز لیڈیز پولیس اہلکاروں کو خصوصی بریفنگ دیں اور دوران ڈیوٹی تمام پولیو ٹیموں کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہیں۔ ہر افسر اور اہلکار مہم کے اختتام تک پولیو ٹیموں کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دے گا اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا غیر پیشہ ورانہ رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
