کراچی: انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو سے کمیونٹی پولیسنگ کراچی (CPK) کے سربراہ مراد سوہنی نے اپنے وفد کے ہمراہ سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں حیدرآباد اور کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور کمیونٹی بیسڈ پولیسنگ کے فروغ سے متعلق تفصیلی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینٹرل پولیس کا بروقت ریسکیو، نالے میں بہتی خاتون محفوظ
اس موقع پر سی پی کے حیدرآباد کے سربراہ زبیر گھانگرا، ڈپٹی چیف سی پی کے عمران سہروردی سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور معززین بھی موجود تھے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ مؤثر اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کمیونٹی پولیسنگ انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے، اور عوامی شمولیت کے بغیر جرائم کے مکمل خاتمے کے اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً سی سی ٹی وی کیمروں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کا استعمال پولیسنگ کے معیار کو مزید مؤثر بنا رہا ہے۔
ملاقات کے دوران سی پی کے سربراہ مراد سوہنی نے حیدرآباد میں ہائی ٹیک سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام سے متعلق پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ ماہ کے آخر تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔
آئی جی سندھ نے سی پی کے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں جدید نگرانی نظام کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس ماڈل کو دیگر شہروں تک بھی توسیع دینے کی ہدایت کی۔
ترجمان کے مطابق یہ اقدامات سندھ پولیس کی جدید، مؤثر اور کمیونٹی بیسڈ پولیسنگ کی طرف اہم پیش رفت ہیں، جو مستقبل میں جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

