کراچی: ضلع کورنگی پولیس نے ڈی آئی جی ایسٹ زون اور ایس ایس پی کورنگی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے گٹکا ماوا کے خلاف بھرپور کارروائی کے دوران ایک بدنام زمانہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کورنگی پولیس کے مطابق یہ کامیاب کارروائی 13 اپریل 2026 کو تھانہ زمان ٹاؤن کی حدود میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔
درخشاں پولیس کا فحاشی کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد افراد گرفتار
تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران گٹکا ماوا کی تیاری اور فروخت میں ملوث ایک اہم ملزم محمد عالم ولد سلطان احمد کو گرفتار کیا، جو اے پلس کیٹیگری کی آئی آر لسٹ میں شامل تھا اور علاقے میں گٹکا ماوا کے کاروبار کے حوالے سے بدنام تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں مضر صحت اشیاء اور گٹکا ماوا بنانے کا سامان برآمد کیا گیا، جس میں 200 پیکٹ گٹکا ماوا، 20 کلو چھالیہ، پیکنگ ریپرز، سفید چونا اور 12 پیکٹ راجا جانی پتی شامل ہیں۔ برآمد شدہ سامان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم منظم انداز میں گٹکا ماوا تیار کرکے سپلائی کر رہا تھا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم محمد عالم کے خلاف ماضی میں بھی متعدد مقدمات درج ہیں، جن میں سال 2020 سے لے کر 2026 تک گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مختلف دفعات میں مقدمات شامل ہیں۔ ملزم کا نام بارہا قانون کی گرفت میں آنے کے باوجود غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہا۔
تازہ کارروائی کے بعد گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 386/2026 بجرم دفعہ 8(i) گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت تھانہ زمان ٹاؤن میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کے لیے اسے شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کورنگی پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں گٹکا ماوا جیسے مضر صحت اور ممنوعہ کاروبار کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں اور اس دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
