کراچی میں پولیس کے بڑے آپریشنز، 7 ڈاکو ہلاک، ہزاروں گرفتاریاں

کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایات پر شہر بھر میں جرائم کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران گزشتہ ہفتے پولیس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 13 اپریل 2026 کو ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کی گئی۔

زمان ٹاؤن پولیس کی کارروائی، اے پلس کیٹیگری گٹکا فروش گرفتار

رپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف اضلاع میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیوں کے دوران ضلعی پولیس کے مجموعی طور پر 36 مقابلے ہوئے، جن میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 7 ملزمان ہلاک جبکہ 37 زخمی ڈاکوؤں سمیت 44 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے 44 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ اور 23 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔

مزید برآں پولیس نے کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونز میں مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 1036 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا، جو مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث تھے۔ پولیس حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ہے۔

انسداد منشیات مہم کے تحت بھی پولیس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں اور پولیس مقابلوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی 40 کلو 514 گرام چرس، 2 کلو 180 گرام آئس (کرسٹل) اور ہیروئن برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ شہریوں سے لوٹ مار کی وارداتوں میں استعمال ہونے والا 114 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن بھی قبضے میں لیا گیا۔

کراچی پولیس نے اس دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے چھینی اور چوری شدہ 41 موٹر سائیکلیں اور ایک بڑی گاڑی بھی برآمد کرلی، جو شہریوں کے لیے ایک اہم ریلیف ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق شہر میں جرائم کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایسے آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے، اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جاتی رہیں گی۔

One thought on “کراچی میں پولیس کے بڑے آپریشنز، 7 ڈاکو ہلاک، ہزاروں گرفتاریاں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!