کراچی: ایس ایس پی انویسٹیگیشن ایسٹ جناب محمد عثمان سدوزئی کی زیر نگرانی انویسٹیگیشن ایسٹ کے تمام تھانہ جات کی تفتیشی ٹیموں نے گزشتہ ہفتے (06 اپریل 2026 تا 12 اپریل 2026) کے دوران نمایاں اور مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ پولیس ٹیموں نے نہ صرف سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا بلکہ مفرور اور اشتہاری مجرمان کو بھی قانون کے شکنجے میں لایا۔
تفصیلات کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 22 ایسے ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو سنگین اور دیگر متفرق جرائم میں مطلوب تھے، جبکہ 15 مفرور اور اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ مزید برآں 20 عادی مجرمان (ریپیٹ آفینڈرز) کو بھی حراست میں لیا گیا، جو مختلف جرائم میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں 4 مغویان کو بحفاظت بازیاب کروایا گیا، جو ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ کارروائیوں کے دوران 19 لاکھ 80 ہزار روپے کی رقم بھی برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دو مقدمات میں شناخت پریڈ بھی منعقد کی گئی۔
ایس ایس پی انویسٹیگیشن ایسٹ محمد عثمان سدوزئی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تھانہ جات کے ایس آئی اوز اور تفتیشی ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی، جبکہ کم کارکردگی دکھانے والے افسران کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کریں۔
ترجمان ایس ایس پی انویسٹیگیشن ایسٹ کراچی کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

