ارض وطن فاؤنڈیشن کے صدر علی منصور اور جنرل سیکرٹری سید محمد عروج نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی شاندار میزبانی اور سفارتی کوششوں کے باعث ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی واقع ہوئی ہے۔
کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائم پر ایم کیو ایم پاکستان کا اظہارِ تشویش، سندھ حکومت پر شدید تنقید
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے مذاکراتی عمل میں مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے فریقین کے درمیان اعتماد سازی اور برف پگھلانے میں اہم پیش رفت کی ہے، جس کے باعث دنیا پاکستان کی سفارتی صلاحیتوں کی معترف ہو رہی ہے۔
ارض وطن فاؤنڈیشن کے رہنماؤں کے مطابق حالیہ 21 سے 24 گھنٹوں پر مشتمل مذاکرات کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اگلا دور زیادہ نتیجہ خیز ثابت ہوگا، تاہم اس کے لیے تمام فریقین کو ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا۔
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل اور امریکا کو غیر ذمہ دارانہ طرز عمل سے گریز کرنا چاہیے جبکہ ایران کو بھی عالمی اور ملکی مفاد میں سنجیدہ اور تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا۔
علی منصور نے مزید کہا کہ اسرائیل کے خطے میں جاری اقدامات عالمی امن اور مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جبکہ عالمی برادری کو اس صورتحال میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں اور امید ہے کہ یہ عمل نہ صرف مستقل جنگ بندی بلکہ پابندیوں کے خاتمے کی جانب بھی پیش رفت کرے گا۔
بیان کے مطابق پاکستان عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔
