کراچی میں ایس ایچ او عوامی کالونی سید عدنان بخاری کی ہدایت پر پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 8 جرائم پیشہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اوشین آرٹ گیلری کراچی میں وہاب جعفر کی سولو نمائش ”Meditations of Form“ کا افتتاح
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں موٹر سائیکل لفٹر گروہ، جوا/سٹہ مافیا، گٹکا ماوا فروش اور موبائل فون چور شامل ہیں۔
سنگر چورنگی کے قریب کارروائی کے دوران رکشہ کے ذریعے گٹکا ماوا سپلائی کرنے والے ملزم حامد ولی ولد اللہ بخش کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے رکشے کی سیٹ کے نیچے چھپائے گئے 650 پیکٹس مضر صحت گٹکا ماوا برآمد ہوا۔
خفیہ اطلاع پر موٹر سائیکل لفٹنگ گروہ کے تین کارندوں شہریار ولد رئیس، راجا ولد محمد علی اور جان شیر ولد ہزار خان کو بھی گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل نمبر KHP-1244 اور اس کے پارٹس برآمد ہوئے۔
بلال کالونی میں کارروائی کے دوران جوا سٹہ مافیا کے دو کارندوں محمد شاکر عرف گڈو اور معراج عرف گوگا کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ایک ملزم محمد عالم موقع سے فرار ہو گیا۔ گرفتار ملزمان سے 4000 روپے، سٹہ پرچیاں اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
کلو چوک کے قریب گٹکا ماوا فروش رحیم بخش ولد امداد بخش کو بھی گرفتار کیا گیا، جو گھر کے اندر سے چوری چھپے ماوا فروخت کر رہا تھا۔ ملزم سے بھاری مقدار میں ماوا اور نقد رقم برآمد ہوئی۔
مزید کارروائی میں شہریوں کی جیب کاٹ کر موبائل فون چوری کرنے والے ملزم عبدالباسط ولد جاوید اکبر کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے دو چوری شدہ موبائل فونز برآمد ہوئے۔
پولیس کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
