کراچی کی اوشین آرٹ گیلری میں معروف مصور وہاب جعفر کے فن پاروں پر مبنی سولو نمائش ”Meditations of Form“ کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے کیا۔
افتتاحی تقریب میں معروف مصور وہاب جعفر بھی موجود تھے، جبکہ نمائش میں ان کے 45 نایاب فن پارے پیش کیے گئے جو شائقینِ فن کی توجہ کا مرکز بنے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد احمد شاہ نے کہا کہ وہاب جعفر نہ صرف ایک اعلیٰ درجے کے مصور ہیں بلکہ پاکستانی آرٹ کے فروغ میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاب جعفر نے اپنی زندگی فن مصوری کے لیے وقف کر دی اور بیماری کے باوجود مسلسل کام جاری رکھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نمائش میں شامل زیادہ تر فن پارے گزشتہ ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران تخلیق کیے گئے ہیں، جو ان کی محنت اور فن سے وابستگی کا ثبوت ہیں۔ ان کے مطابق نمائش کے آغاز سے قبل ہی متعدد فن پارے فروخت ہو چکے ہیں، جو ان کے فن کی قدر و منزلت کو ظاہر کرتا ہے۔
کیوریٹر فرخ شہاب نے کہا کہ وہاب جعفر نے ہمیشہ نئے اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور کبھی اپنی حیثیت کا احساس دوسروں پر مسلط نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہاب جعفر کا طرزِ عمل نوجوان فنکاروں کے لیے ایک مثال ہے۔
تقریب میں مصور شاہد رسام، تنویر فاروقی، سہیل احمد اور دیگر فنکاروں سمیت آرٹ سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

