کراچی: ضلع کورنگی پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک آڈیو کلپ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔ مذکورہ آڈیو کلپ تھانہ عوامی کالونی کے ایس ایچ او سے منسوب بتائی جا رہی ہے، جس میں ایک پولیس اہلکار کو غیر مناسب اور قابلِ اعتراض زبان استعمال کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
ضلع وسطی میں گراں فروشی کے خلاف کارروائی، 5 دکانداروں پر جرمانہ
ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی لانڈھی کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ تین روز کے اندر آڈیو کلپ کی اصلیت جانچ کر تفصیلی انکوائری رپورٹ پیش کریں۔
ترجمان کورنگی پولیس کے مطابق انکوائری رپورٹ موصول ہونے کے بعد اگر آڈیو کلپ درست اور مصدقہ ثابت ہوئی تو ذمہ دار افسر کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی اہلکار کی جانب سے غیر پیشہ ورانہ رویہ یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
