کراچی: ایس ایچ او گارڈن حنیف سیال کی ہدایت پر پولیس نے تابڑ توڑ کارروائیوں کے سلسلے کو مزید تیز کرتے ہوئے ایک خطرناک جرائم پیشہ ملزم غلام مصطفی ولد اصغر علی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے، جن میں اسٹریٹ کرائم، پولیس مقابلہ، اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحہ کے استعمال کے سنگین مقدمات شامل ہیں۔
کراچی: شاہ لطیف پولیس نے کم عمر اسٹریٹ کرائم ملزمان گرفتار
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے ہوشربا انکشافات کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم اور اس کے ساتھی سولجر بازار، پاک کالونی، کلاکوٹ، چاکیواڑہ، بغدادی اور گارڈن کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے رہے ہیں۔ ایس ایچ او گارڈن نے ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
گرفتار ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر دیا گیا ہے اور اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہری محفوظ رہ سکیں۔
