کراچی: صوبائی وزیر بلدیات سندھ، سید ناصر حسین شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی اور مرمتی کاموں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نجمی عالم، ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی، ڈی جی کے ڈی اے، ڈائریکٹر میگا پروجیکٹ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ایف آئی اے میں اینٹی منی لانڈرنگ ونگ کا اعلیٰ سطحی جائزہ
وزیر بلدیات نے ملیر ہالٹ، ملیر چھائونی روڈ، یونیورسٹی روڈ، کشمیر روڈ، طارق روڈ اور جناح ایوینیو کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے سڑک دھنس جانے کے باعث گاڑیوں کے پھنسنے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے موقع پر مرمتی کام کا جائزہ لیا۔
ملیر ہالٹ انڈرپاس کی تعمیر اور جناح ایوینیو ملیر ہالٹ روڈ پر جاری سڑک کی بحالی کے کاموں کے بارے میں وزیر بلدیات کو ڈی جی کے ڈی اے اور دیگر حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی کہ مرمتی اور ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں اور شہر میں جاری تمام ترقیاتی کاموں میں معیار اور شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں ترقیاتی کاموں میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی، سست روی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور کام کی رفتار کو تیز کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
