سیسی میں بائیو میٹرک حاضری لازمی، ادویات خریداری میں شفافیت کی ہدایت

کراچی میں وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ اور چیئرمین گورننگ باڈی سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) سعید غنی نے سیسی کے تمام اداروں میں بائیو میٹرک حاضری کو فوری طور پر یقینی بنانے اور ادویات و طبی آلات کی خریداری کے نظام کو مکمل طور پر شفاف بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔

یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقدہ سیسی کی 176 ویں گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سیکرٹری محنت سندھ ساجد علی ابڑو، کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو، گورننگ باڈی کے ارکان اور مزدور نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

کراچی میں غیر قانونی دکانوں کے خلاف آپریشن، 14 مسمار

اجلاس میں 175 ویں گورننگ باڈی کے منٹس کی منظوری دی گئی جبکہ کمشنر سیسی نے 174 ویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ مزید برآں ایف بی آر کو ایڈوانس ٹیکس ادائیگی سے متعلق رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔

گورننگ باڈی نے مختلف ادویات اور میڈیکل سامان فراہم کرنے والی کمپنیوں کے حوالے سے تھرڈ پارٹی فرانزک رپورٹ کی روشنی میں 3 کروڑ 36 لاکھ روپے کی ادائیگی کی منظوری دی اور اس ضمن میں اٹھائے گئے اعتراضات اور تجاویز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی۔

اجلاس میں مزدوروں کے میڈیکل بلز کی مد میں 34 لاکھ روپے کی ادائیگی کی بھی منظوری دی گئی اور حکام کو ہدایت کی گئی کہ معاوضوں کی ادائیگی کا مکمل اور شفاف طریقہ کار آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔

سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ بجٹ پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ موجودہ عالمی حالات کے پیش نظر مزدوروں کو ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے جولائی کے لیے 15 کروڑ روپے کے ایڈوانس بجٹ کی منظوری دی گئی۔ واضح کیا گیا کہ ادویات کی خریداری اوپن مارکیٹ کے بجائے ٹینڈر کے ذریعے کی جائے گی۔

کمشنر سیسی نے اجلاس کو بتایا کہ گورننگ باڈی کی منظوری کے بعد سندھ بھر میں سیسی کے اسپتالوں کے لیے تین سالہ کنٹریکٹ پر 60 کنسلٹنٹس اور ماہر ڈاکٹروں کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں ری آرگنائزیشن کمیٹی کی سفارشات، لوکل ڈائریکٹوریٹ کی تشکیل، انٹرنشپ پروگرام اور ملازمین کے لیو انکیشمنٹ سمیت مختلف امور پر بھی غور کیا گیا اور متعلقہ کمیٹیوں کو مزید جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے زور دیا کہ سیسی میں تمام فیصلوں پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور آئندہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ مئی تک پیش کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادویات اور طبی آلات کی خریداری میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!