ناظم آباد میں گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، دکانیں سیل

کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد دکانیں سیل کر دیں اور کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔

کراچی میں پراپرٹی ریکارڈ ٹیمپرنگ، سابق سب رجسٹرار گرفتار

ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد اسامہ بن اشرف نے ہادی مارکیٹ میں کارروائی کی قیادت کی، جہاں اشیائے خوردونوش کی مہنگے داموں فروخت کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔

انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران پانچ دکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ تین گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران 300 سے زائد مقامات پر پرائس چیکنگ کی گئی، جن میں گروسری اسٹورز، مرغی فروش، پھل فروش اور سبزی فروش شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیاء فروخت کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ گراں فروشی کے خلاف مہم بلا تعطل جاری رہے گی اور شہریوں کے مفاد میں ایسے اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے تاکہ مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!