گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس میں جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے چانسلر وجہی الدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر، رجسٹرار اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
کراچی پولیس اور عائشہ باوانی اکیڈمی میں تعلیمی معاہدہ
ملاقات کے دوران چانسلر وجہی الدین نے گورنر سندھ کو ان کے عہدے کا منصب سنبھالنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور قائداعظم محمد علی جناح کی جانب سے ڈاکٹر ریاض الدین کو جناح کے نام پر تعلیمی ادارہ قائم کرنے کی اجازت دینے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
چانسلر وجہی الدین نے کہا کہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین پاکستان کی پہلی یونیورسٹی ہے جہاں خواتین کو ہر شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے، اور یہ ادارہ لڑکیوں کی علمی و فنی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ لڑکیوں کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے اور تعلیم یافتہ خواتین ملک کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر چانسلر وجہی الدین نے گورنر سندھ کو قائداعظم کی 150 ویں سالگرہ کی تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی، جس پر گورنر سندھ نے اس دعوت کو قبول کیا اور تعلیم و ترقی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
