اورنگی ٹاؤن سیکٹر 9E میں گزشتہ روز شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کرایہ نہ بڑھانے کا اعلان، سندھ حکومت کو خراجِ تحسین
اورنگی ٹاؤن پولیس کے مطابق مقدمہ مقتول معظم کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتلِ خطا سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ 6 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق مقتول معظم اپنے تایا کی بیٹی کی شادی میں قوالی نائٹ کے پروگرام میں شریک تھا، جہاں اچانک شدید ہوائی فائرنگ شروع ہو گئی۔ فائرنگ کے دوران ایک گولی نوجوان کو لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو کر زمین پر گر پڑا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے بعد تقریب میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے، جبکہ کچھ افراد زخمی نوجوان کی مدد کے لیے آگے بڑھے، تاہم گولی قریب سے لگنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے اور اس کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ مقتول کے اہل خانہ نے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

