وزیراعظم کی ہدایات پر ملک بھر میں ٹول پلازہ فیس میں ہونے والا سہہ ماہی اضافہ معطل کر دیا گیا ہے، جس سے عوام کو فوری ریلیف ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز قرارداد پر ووٹنگ مؤخر
تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو یکم اپریل کو جاری ہونے والا نوٹیفکیشن واپس لینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اس اقدام کے تحت 5 اپریل سے نافذ ہونے والا ٹول ٹیکس اضافہ فی الحال روک دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات میں شہریوں پر مزید مالی بوجھ ڈالنا مناسب نہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے، اور حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات یقیناً مشکل ہیں، تاہم پوری قوم متحد ہو کر اس چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ این ایچ اے کی جانب سے ٹول ٹیکس میں معمول کے مطابق سہہ ماہی اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، جسے اب حکومت نے عوامی دباؤ اور معاشی حالات کے پیش نظر معطل کر دیا ہے۔
