وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا اعلیٰ سطحی اجلاس، صفائی کے نئے ماڈلز متعارف کرانے کی تجاویز پیش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) – وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی سربراہی میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں صفائی اور کچرا انتظام کے نظام کو بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے جامع تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں ہائبرڈ ماڈل، ہائبرڈ پلس ماڈل اور لوکل ماڈلز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کے تحت صفائی کے کام بلدیاتی کمیٹیز اور میونسپل کمیٹیز کے تعاون سے ٹاؤن لیول پر مؤثر انداز میں چلائے جا سکیں گے۔

پاک چین بحری مشق سی گارڈین 4 کراچی میں اختتام پذیر

اجلاس میں اخراجات میں کمی کے لیے منصوبوں کی مدت تین سال کے ساتھ ایک سال کی توسیع (3+1 یا 4+1) رکھنے کی تجویز دی گئی تاکہ لاگت کم اور پائیدار نظام تشکیل دیا جا سکے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نئے ماڈلز کی مدد سے سندھ بھر میں صفائی کا نظام مزید مؤثر، شفاف اور ماحولیاتی لحاظ سے دوستانہ بنایا جائے گا۔

اجلاس میں مزید تجاویز پیش کی گئیں کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں جدید لینڈفل سائٹس قائم کی جائیں، جن میں کشمور، لاڑکانہ، نواب شاہ اور سہون شامل ہیں۔ جام چاکرو لینڈفل سائٹ کی تعمیر و ترقی کا کام جاری ہے، جس کے دو سیلز مکمل ہو چکے ہیں، اور منصوبے کی تکمیل کے بعد تقریباً 20 ملین ڈالر کے کاربن کریڈٹس کی توقع ہے۔

وزیر بلدیات نے اس موقع پر ہدایت دی کہ شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کچرا پھیلانے والے افراد اور ملبہ پھینکنے والی گاڑیوں کے خلاف پولیس کی مدد سے سخت قانونی کارروائی کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ جدید حکمت عملی اور نئے اقدامات کے ذریعے سندھ کو صاف اور ماحول دوست بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ سے بھی مشاورت جاری رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!