کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر ایک فیملی کی وزٹ ویزا کے ذریعے سری لنکا میں سیاسی پناہ (اسائلم) حاصل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
وزیر داخلہ سندھ کی برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق بہاولپور سے تعلق رکھنے والی یہ فیملی ایئرپورٹ پہنچی تو امیگریشن کلیئرنس کے دوران انہیں مزید جانچ کے لیے روکا گیا۔ تفصیلی انٹرویو کے دوران مسافروں کا سفری منصوبہ غیر واضح پایا گیا۔ مسافروں کے پاس نہ ہوٹل کی بکنگ تھی اور نہ ہی مناسب مالی وسائل موجود تھے۔
تحقیقات میں خاتون مسافر رخسانہ نے انکشاف کیا کہ اس کا شوہر گزشتہ پانچ سال سے سری لنکا میں مقیم ہے اور اقوام متحدہ کے تحت سیاسی پناہ حاصل کر چکا ہے۔ تاہم، مسافر اپنے سفر کے اصل مقصد سے متعلق تسلی بخش جواب نہ دے سکے اور بعد میں اعتراف کیا کہ وہ سری لنکا جا کر اسائلم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق وزٹ ویزا کا استعمال اصل مقصد چھپانے کے لیے کیا جا رہا تھا۔ مزید براں، مسافر محسن نواز نے ایجنٹ اختر سے رابطے کا اعتراف کیا اور بتایا کہ ہر فرد کو اس ایجنٹ کو 5 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے گئے۔
حقائق کی روشنی میں فیملی کو ایئرپورٹ سے آف لوڈ کر دیا گیا اور کیس مزید کارروائی کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے تصدیق کی کہ تفتیش جاری ہے اور مزید کارروائیاں متوقع ہیں۔
