کراچی: پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کی زیر صدارت زرداری ہاؤس کراچی میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں کراچی کے تنظیمی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
سندھ بلدیات وزیر کی زیر صدارت مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس
اجلاس میں فریال تالپور کو پارٹی رہنماؤں نے کراچی میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور تنظیمی امور پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں شریک رہنماؤں میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی، صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، پی پی پی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی، میئر مرتضیٰ وہاب، ایم این اے قادر پٹیل، وزیر اعلیٰ کے مشیر نجمی عالم، ایم پی اے سہیل انور سیال، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رؤف ناگوری، ڈپٹی میئر سلمان مراد، ایم این اے شاہدہ رحمانی، کرم اللہ وقاصی اور نعمان شیخ شامل تھے۔
اجلاس میں فریال تالپور نے ہدایت کی کہ کراچی میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو وارڈ سطح تک مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ پارٹی کی بنیادیں مستحکم ہوں اور کارکنان کی کارکردگی بہتر ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے معینہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور ترقیاتی عمل کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد فوائد فراہم ہوں۔
اجلاس میں پارٹی رہنماؤں نے فریال تالپور کی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا اور سندھ میں پارٹی کی مضبوط تنظیم اور ترقیاتی کاموں کے تسلسل پر اتفاق کیا۔
