اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیل اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی متعدد تجاویز کو انہوں نے بارہا مسترد کیا اور کمزور و متوسط طبقے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
نیب کا ایس بی سی اے کے خلاف گھیرا تنگ، افسران طلب
وزیرِاعظم نے اجلاس میں کہا کہ خلیجی بحران کے باعث پیٹرولیم مصنوعات پر عالمی اثرات کے باوجود پاکستان میں موجودہ ذخائر کافی ہیں اور عوامی ریلیف کے اقدامات ہر جائزہ اجلاس میں سختی سے زیرِ غور لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشکل میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا اور بچت اقدامات سے حاصل ہونے والی رقم عوامی ریلیف کے لیے استعمال کی جائے گی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ سرکاری اخراجات میں کمی اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی گئی ہے، 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور حکومت کی بچت و سادگی مہم کے تحت انٹیلی جنس بیورو کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں عملدرآمد کی تصدیق کی گئی ہے۔
اجلاس میں موجودہ ایندھن کے ذخائر، آئندہ تجاویز اور بچت اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ موٹرسائیکل اور رکشہ رکھنے والوں کی رجسٹریشن جلد مکمل کی جائے گی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ممکنہ ریلیف کے اقدامات کے لیے رابطے مضبوط کیے جا رہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ عالمی بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت ایندھن کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آیا، اور پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے سفارتی محاذ پر بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
