کراچی (26 مارچ 2026) – بن قاسم کے علاقے میں گوداموں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک خطرناک گینگ کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بے نقاب کر دیا۔ خفیہ اطلاع پر پورٹ قاسم کے قریب گودام میں ڈکیتی کی منصوبہ بندی ناکام بناتے ہوئے 6 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایم کیو ایم پاکستان: کراچی ماسٹر پلان کیس میں سندھ حکومت مسلسل بے نقاب
گرفتار ملزمان میں احمد علی، یاسر عمر فاروق، وحید، محمد عطاء، محمد وسیم اور گل یاسین شامل ہیں۔ ان کے قبضے سے 30 بور پستول، موبائل فونز اور سوزوکی آلٹو کار برآمد ہوئی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان گوداموں کی ریکی کر کے چوکیداروں کو یرغمال بنا کر اسلحے کے زور پر لوٹ مار کرتے تھے۔
اہم بات یہ ہے کہ گرفتار ملزمان میں محمد وسیم ضلع کورنگی کا برطرف پولیس اہلکار بھی شامل ہے، جو گینگ کا سرگرم رکن تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں پہلے بھی سنگین مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
