کراچی (25 مارچ 2026) – کیماڑی پولیس، ساؤتھ زون نے 11 مارچ کو شیر شاہ کے علاقے میں پی ایس او پٹرول پمپ کے کیشیئر سے 29 لاکھ روپے کی ڈکیتی میں ملوث تین مسلح ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گورنر سندھ سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات، سی پیک اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
تفصیلات کے مطابق، ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں اور تکنیکی وسائل کا استعمال کرتے ہوئے کارروائی کے دوران ملزمان شرافت، بشیر اور یاسین کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے 5 لاکھ روپے نقد، غیر قانونی اسلحہ تین پستول بمعہ گولیاں، واردات میں استعمال ہونے والی دو موٹر سائیکلیں اور چھینی گئی رقم سے خریدی جانے والی ایک نئی موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔
ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم شرافت پیٹرول پمپ کا سابقہ ملازم ہے، بشیر سندھ پولیس کا برطرف اہلکار ہے اور پہلے بھی 92 لاکھ کی ڈکیتی میں ملوث رہا، جبکہ یاسین 10 سے زائد چوری، ڈکیتی، لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائم کے مقدمات میں جیل جا چکا ہے۔
ملزمان کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر بھی جاری کی جا چکی ہے۔ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور انہیں جلد گرفتار کرکے رقم کا بقایا حصہ بھی برآمد کیا جائے گا۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
