کراچی (26 مارچ 2026) – گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس میں چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک-چین تعلقات، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ سندھ کا اسٹریٹجک پلاننگ ورکشاپ سے خطاب، میڈیا کی اہمیت پر زور
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سی پیک کے تحت سندھ میں نئے ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹکچر کی بہتری اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا۔ پاکستان کی بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے پاک-چین تعاون کو مزید وسعت دینے، یوتھ ایکسچینج پروگرام اور تعلیمی اسکالرشپس میں اضافے پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔
گورنر سندھ نے مائننگ اور منرل سیکٹر میں اشتراک بڑھانے، تعلیمی شعبے میں مشترکہ اقدامات تیز کرنے، زرعی ترقی اور دیہی معیشت کے استحکام کے لیے چین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی مختلف شعبوں میں اسکلز ڈیولپمنٹ کی جارہی ہے اور پاک-چین مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے گورنر ہاؤس میں کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا۔
چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان چین کا قریبی، قابل اعتماد اور دیرینہ شراکت دار ہے، جبکہ چین کی بلیو اکانومی کا حجم ایک ٹریلین چینی کرنسی تک پہنچ چکا ہے۔ تعلیمی اسکالرشپ کی آگاہی کے لیے چینی قونصلیٹ میں سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں 30 پاکستانی جامعات کے وائس چانسلرز، فیکلٹی اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔
ملاقات کے دوران شنگھائی اور کراچی سسٹر سٹیز، اور ہوبئی اور سندھ سسٹر صوبوں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اور چینی قونصل جنرل نے گورنر سندھ کو شنگھائی کے دورے کی باضابطہ دعوت دی۔
